کسی غیر ملکی کو افغانستان سے نہیں جانے دیں گے

کابل، انٹرنیشنل ڈیسک
افغان طالبان نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں موجود تمام غیر ملکی افراد 31اگست تک ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔ انہوں نے افغان شہریوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔ کابل میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اقتدار سنبھالنے کے بعد دوسری مرتبہ پریس کانفرنس کی۔ ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلا کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڈلائن تک ملک نہ چھوڑنے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ممالک ہنر مند افغان شہریوں کوپناہ دے کر افغانستان کو ان کے ہنر سے محروم کر رہے ہیں، یہ سلسلہ بند کیا جائے۔ دوسری طرف واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے اسی مسئلے پر کابل میں طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی ہے۔ طالبان ترجمان نے ایسی کسی بھی ملاقات کی تردید کی ہے۔

Shopping Basket