برطانیہ 200افغان صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو پناہ دے گا

لندن،محمد نویدعالم
برطانوی حکومت نے برطانوی صحافتی اداروں کے لیے خدمات سرانجام دینے والے افغان صحافیوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان برطانوی صحافتی اداروں کی جانب سے وزیراعظم بورس جانسن کو لکھے گئے خط کے بعد کیا گیا ہے۔ اس خط میں حکومت سے اپیل کی گئی تھی کہ افغانستان میں برطانوی میڈیا کے لیے کام کرنے والے صحافیوں کی جان کو خطرہ ہے اس لیے انہیں برطانیہ میں پناہ دی جائے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے ایسے 200 افغان صحافیوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کردی ہے۔ ان صحافیوں کے علاوہ ان کے خاندان کے ارکان کو بھی برطانیہ آنے کی اجازت ہو گی۔ صحافیوں کے اٹھارہ سال سے بڑے بچے اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ اس خط پر آبزرور، دی گارجیئن، دی ٹائمز، سکائی نیوز اور آئی ٹی این سمیت کئی دوسرے بڑے اداروں نے دستخط کئے تھے۔ اسی طرح کی اپیلیں امریکہ اور جرمنی میں بھی سامنے آئی ہیں تاہم وہاں کی حکومتوں نے تاحال ان پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

Shopping Basket