سعودی عرب: جعلی ویڈیو وائرل کرنے پر 2 پاکستانی گرفتار

ریاض، محمد اصغر بٹ

خودساختہ گمراہ کن ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کرنے پر  دو پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

دونوں کو الجوف شہر میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزموں کی عمریں تیس سال کے قریب ہیں اور انہوں نے ایک دکان کے سامنے کھڑے ہو کر ویڈیو بنائی، ویڈیو ایڈٹ کر کے اس میں شدید فائرنگ کی آواز بھری اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا۔ فائرنگ کی نوعیت سے ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے دہشتگردوں نے حملہ کر دیا ہو۔  دونوں ملزموں کو جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

سعودی عرب نے سوشل میڈیا پر خوف و ہراس پھیلانے کو جرم قرار دیتے ہوئے اس پر سخت سزائیں مقرر کر رکھی ہیں۔ ملزموں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی ان  کا مؤقف سامنے آ سکاہے۔

Shopping Basket