بھارت کا 15 اکتوبر سےسیاحتی ویزے شروع کرنے  کااعلان

نئی دہلی، انٹرنیشنل ڈیسک

بھارت نے کورونا کے پیش نظر بند کئے گئے سیاحتی ویزے بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کو15 اکتوبر جبکہ عام پروازوں سے آنے والوں کو 15 نومبر سے سیاحتی ویزے جاری کئے جائیں گے۔بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام افراد کو ملک میں کورونا کے حوالے سے رائج قوانین و ضوابط کی سختی سے پابندی کرنا ہو گی۔

وزارت کا کہنا ہے کہ اس نے صحت، خارجہ امور، سول ایوی ایشن، سیاحت کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد سیاحتی ویزے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال کورونا وائرس کی دوسری تباہ کن لہر کے دوران غیر ملکی باشندوں کے لیے سیاحتی ویزوں پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی۔

Shopping Basket