گوئٹے مالا، امریکہ جانے کی کوشش میں کنٹینر سے 126 افراد برآمد

گوئٹے مالا سٹی، انٹرنیشنل ڈیسک

سنٹرل امریکہ کے ملک گوئٹے مالا میں پولیس نے ایک تجارتی کنٹینر سے 126 افراد کو برآمد کیا ہے۔ گوئٹے مالا کی پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد کئے جانے والے افراد میکسیکو کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو جنوبی گوئٹے مالا سے اطلاع ملی کہ نوئیوا کنسیپشن اور کوکیلز کے شہروں کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر ایک کنٹینر بے یار و مددگار کھڑا ہے۔

پولیس اہلکار موقع پر پہنچیں تو انہیں اندر سے چیخوں اور کنٹینر کھٹکھٹانے کی آوازیں آئیں۔ اہلکاروں نے دروازہ کھولا تو اندر سے ہیٹی کے 106، نیپال کے 11 اور گھانا کے 9 شہری برآمد ہوئے۔ تمام افراد کو گوئٹے مالا کے ادارہ ہجرت کے مرکز میں منتقل کر دیا گیا۔ سنٹرل امریکہ حالیہ چند مہینوں سے امریکہ پہنچنے کی خواہش میں گوئٹے مالا، ہنڈوراس، سلواڈور اور نکاراگوا سے آنے والے ہزاروں افراد سے نمٹنے میں مصروف ہے۔

Shopping Basket