بھارتی سپیکر کی پاکستانی چیئرمین سینٹ کو بھارت آنے کی دعوت

نئی دہلی، انٹرنیشنل ڈیسک

بھارتی پارلیمنٹ کے لوئر ہاؤس یعنی لوک سبھا کے سپیکر اوم بریلہ نے پاکستانی پارلیمنٹ کے اپر ہاؤس یعنی سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کو بھارت آنے کی دعوت دی ہے۔ صادق سنجرانی کو یہ دعوت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سو سالہ تقریب میں شرکت کے لیے دی گئی ہے۔ 4 اور 5 دسمبر کو نئی دہلی میں ہونے والی تقریبات میں بھارتی صدر رام ناتھ کوند اور وزیراعظم نریندر مودی بھی خطاب کریں گے۔

صادق سنجرانی کے نام لکھے گئے خط میں لوک سبھا کے سپیکر اوم بریلہ نے لکھا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھارتی پارلیمنٹ کی سب سے قدیم کمیٹی ہے جس کی سنچری تقریبات پورے اہتمام کے ساتھ منانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ صادق سنجرانی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان تقریبات میں شرکت کر کے بھارتی پارلیمنٹ کے مہمان بنیں اور ان کی عزت میں اضافہ کریں۔ چیئرمین سینٹ نے فوری طور پر اس خط کا جواب نہیں دیا۔پاکستان اور بھارت کے کشیدگی کا شکار تعلقات کے تناظر میں یہ دعوت اہمیت اختیار کر گئی ہے۔

Shopping Basket