ترکی نے 125 تارکین کو سمندر سے بچا لیا

انقرہ، انٹرنیشنل ڈیسک

ترک کوسٹ گارڈز نے 125 ایسے افراد کو سمندر سے بچا لیا جنہیں یونان نے واپس سمندر میں دھکیل دیا تھا۔ ترک حکام کے مطابق یہ افراد بحیرہ ایجین سے یونان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ترک کوسٹ گارڈ کمانڈ کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ازمیر کے قریب آٹھ اور گیارہ اکتوبر کو ربڑ کی دو کشتیوں پر سوار 70 تارکین کو بچایا گیا۔ انہیں یونانی حکام نے ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے کی بجائے واپس کھلے سمندر میں جانے پر مجبور کر دیا تھا۔ گیارہ اکتوبر کو ہی ایک اور واقعے میں اسے علاقے سے 30 تارکین کو بچایا گیا۔مگلا کے علاقے سے بھی 25 تارکین کھلے سمندر سے ترک حکام کی نظر میں آئے اور انہیں خشکی پر مقامی تارکین سنٹر میں منتقل کر دیا گیا۔

بچائے جانے والوں میں 21 شامی، 3 فلسطینی اور ایک مصری شہری بھی شامل ہے جبکہ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔گزشتہ ہفتے یورپی یونین نے تارکین کو واپس دھکیلنے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا تھا جس پر یونان نے ایسے واقعات کی تحقیقات کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

Shopping Basket