امریکہ کاآئندہ ماہ کینیڈا اور میکسیکو بارڈرز کھولنے کا اعلان

واشنگٹن ڈی سی، برہان فواد

بائیڈن انتظامیہ نے نومبر سے کینیڈا اور میکسیکو سے آنے والوں کے لیے بارڈر کھولنے کا اعلان کر دیا ہے لیکن امریکہ میں صرف ان کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے مکمل ویکسی نیشن لگوا لی ہے۔ اس فیصلے سے سیاحوں کے علاوہ کورونا کے باعث بارڈر بند ہونے سے بچھڑ جانے والے خاندانوں کو دوبارہ ملنے کا موقع مل سکے گا۔  ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ 19 ماہ تک بارڈر بند رکھنے کے بعد بارڈر کھولنے کا مقصد کورونا کے خلاف ایک اور کامیابی کا اظہار کرنا ہے۔ جنوری سے زمینی راستے کے ذریعے امریکہ داخل ہونے والے کمرشل ڈرائیورز اور طلبہ کو بھی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ دکھانا ہو گا۔ ہوائی راستے سے امریکہ آنے والوں کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ کورونا کا منفی ٹیسٹ بھی دکھانا ہو گا۔ سفری پابندیاں ختم کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم یہ طے ہے کہ انہیں نومبر میں اٹھا لیا جائے گا۔

امریکی سنٹرز فار ڈیسیز کنٹرول فائزر، آسٹرازینیکا اورموڈرنا کی دونوں خوراکیں یا جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک لگنے کے دو ہفتے بعد کسی بھی شخص کو کورونا ویکسی نیشن کی مکمل خوراک لیا ہوا تسلیم کرتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ دو مختلف کمپنیوں کی ویکسی نیشن لگوانے والے افراد کو امریکہ داخل ہونے کی اجازت دینے کا فی الحال فیصلہ نہیں ہوا تاہم اس پر غور جاری ہے۔

Shopping Basket