کینیڈین ٹرک ڈرائیورز کا احتجاج، آٹو انڈسٹری بحران کاشکار

کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دینے کے لیے خلاف کینیڈا کے ٹرک ڈرائیورز کا احتجاج جاری ہے۔ ڈرائیوروں نے کینیڈاکو امریکہ سے ملانے والے راستوں پر ٹرک کھڑے کر کے آمدورفت عملی طور پر معطل کر دی ہے۔ ان کی ہڑتال سے یہ خدشہ بڑھتا جا رہا ہے کہ اس سے کینیڈا کی معیشت اور کینیڈا کے سب سے بڑے تجارتی شراکت دار امریکہ کے ساتھ کاروبار خطرے میں پڑسکتے ہیں۔ امریکی شہر ڈیٹرائٹ کو اونٹاریو کے شہر ونڈسر سے ملانے والے ایمبیسیڈر برج پر ٹرک کھڑے ہونے سے آٹو انڈسٹری کے لیے خاص طور پر مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ ٹویوٹا، فورڈ اور جی ایم کا کہنا ہے کہ ان کی اسمبلی لائن کو آلات کی فراہمی پر شدید منفی اثر پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے پروڈکشن کم کردی ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ آٹو انڈسٹری کے ساتھ ساتھ مشی گن سے کینیڈا کو برآمد کی جانے والی زرعی اشیا کی فراہمی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ دارالحکومت اوٹاوہ جو عام طور پر پرسکون رہتا ہے، گزشتہ دو ہفتوں سے ٹرکوں کے ہارن سے گونج رہا ہے۔ ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج ملک بھر میں کورورنا پابندیوں کے حوالے سے ایک استعارے کے طور پر لیا جا رہا ہے۔