کینیڈا، کیوبیک میں آئندہ ہفتے سے کورونا پابندیاں نرم

Muhammad Awais Canada

محمد اویس، ٹورنٹو

26 جنوری           2022 

کینیڈا کے صوبے کیوبیک نے آئندہ ہفتے سے کورونا پابندیوں میں بتدریج کمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کیوبیک کے وزیر اعظم فرینکو لیگاٹ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ریستوران کھول دئیے جائیں گے اور نجی محافل کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔ اعلان کے مطابق پیر 31 جنوری سے ریستورانوں کے اندر بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہو گی لیکن 50 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی اور ایک میز پر چار سے زیادہ لوگوں کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ گھروں کے اندر ہونے والی نجی محفلوں میں بھی چار افراد سے زیادہ شرکت نہیں کر سکیں گے۔

 صوبے میں سکول اور یوتھ سپورٹس بھی پیر سے کھل جائیں گے۔7فروری سے تفریحی اور سپورٹس مراکز بھی پچاس فیصد گنجائش کے ساتھ کھول دئیے جائیں گے اور کہیں بھی 500سے زیادہ افراد کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بعض ریستورانوں نے حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے ہی کاروبار کھول رکھا ہے۔ ان کے مالکان کا کہنا ہے کہ بس بہت ہو گیا، وہ اور ان کے بچے بھوکے نہیں مر سکتے۔ ایسے ہی ایک ریستوران کے مالک حمزہ چوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا ریستوران پوری گنجائش کے کھول رکھا ہے کیونکہ باقی سارے کاروبار بھی پوری گنجائش کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں نتائج کی کوئی پرواہ نہیں، وہ زندہ رہنا چاہتے ہیں۔

Shopping Basket