سعودی عرب نے میزبان عمرہ ویزے منسوخ کر دئیے

سعودی وزارت حج و عمرہ نے سعودی شہریوں کی جانب سے مہمانوں کے لیے حاصل کئے گئے عمرے کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قوانین کے مطابق سعودی عرب کے شہری اور رہائشی مخصوص شرائط پوری کر کے بیرون ملک سے تین سے پانچ عمرہ زائرین تک کو ویزے پر بلا سکتے تھے۔ یہ ویزے آبشر پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کئے جا رہے تھے لیکن اب سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سہولت کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اس سلسلے میں مزید معلومات کے لیے وزارت سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ فی الحال آبشر پلیٹ فارم کو آپریشنل کرنے کی تاریخ نہیں بتائی جا سکتی۔ یہ ویزے سعودی شہریوں کو سول سٹیٹس رجسٹری اور سعودی عرب میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کو ریذیڈنسی کے ذریعے دئیے جاتے تھے۔ ہر سال ہزاروں افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنے عزیز و اقارب کو عمرے کے لیے سعودی عرب بلاتے تھے تاہم یہ حکومت کے نئے اقدام کے بعد اب یہ سلسلہ رک گیا ہے۔