یو اے ای، بھیک مانگنے پر 6 ماہ قید، ایک لاکھ درہم جرمانےکی سزا

متحدہ عرب امارات نے ملک میں منظم بھیک مانگنے والے نیٹ ورک توڑنے کے لیے سخت سزاؤں کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ پبلک پراسیکیوشن نے اعلان کیا ہے کہ دو یا دو سے زائد افراد پر مشتمل بھیک مانگنے والے گروہوں کے ارکان کو کم سے کم چھ ماہ قید اور کم سے کم ایک لاکھ درہم جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ وفاقی قانون کے آرٹیکل 476 کے لائ نمبر 31 کے تحت بھیک منگوانے کے لیے دوسرے ممالک سے لوگوں کو متحدہ عرب امارات لانے والے افراد کو بھی یہی سزائیں دی جائیں گی۔ گزشتہ کئی سال سے متحدہ عرب امارات میں بھیک مانگنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جن میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ حکومت کو موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق یو اے ای میں بھیک کو بطور منظم پیشہ اختیار کر کے سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ سخت سزاؤں کے نفاذ سے حکومت بھیک مانگنے والوں کے منظم گروہ توڑنے میں کامیاب ہو جائے گی۔