دبئی، ٹریفک جرمانہ قسطوں میں ادا کرنے کی الیکٹرانک سہولت شروع

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جیب پر بہت بھاری پڑتی ہے۔ حکومت نے ایسے شہریوں کی سہولت کے لیے جرمانے قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دے رکھی تھی۔ طریقہ کار کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والے ڈرائیور کو تقریباً 70منٹ خرچ کر کے قسطوں کے لیے درخواست جمع کروانا پڑتی تھی۔ دبئی پولیس کے یو اے ای کے مرکزی بنک اور دبئی اسلامی بنک کے ساتھ معاہدے کے بعد اب جرمانے کی قسط دو منٹ میں ادا کی جا سکتی ہے۔

یہ سہولت دوسرے بنکوں میں اکاؤنٹ رکھنے والے بھی استعمال کر سکتے ہیں اور اس کے لیے کسی قسم کے سروس چارجز بھی نہیں رکھے گئے۔ اس سہولت سے صرف وہی ڈرائیور فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کے جرمانے کی رقم پانچ ہزار درہم یا اس سے زائد ہے۔ وہ یہ رقم ایک سال کے اندر قسطوں میں ادا کرسکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن سروس شروع ہونے سے روایتی طریقہ کار پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں سالانہ 20 لاکھ درہم کی بچت ہو گی۔