جرمن حکومت کا کم سے کم اجرت 12 یورو فی گھنٹہ کرنے کا اعلان

جرمنی نے اکتوبر سے کم سے کم اجرت میں اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ چانسلر اولاف شولز کا کہنا ہے کہ اس سال کی آخری سہ ماہی شروع ہوتے ہی کم سے کم اجرت 12 یورو کر دی جائے گی۔ اجرت میں اضافہ دو مرحلوں میں کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں یکم جولائی کو کم سے کم اجرت 9.82 یورو فی گھنٹہ سے بڑھا کر 10.45 یورو کر دی جائے گی۔ یکم اکتوبر کو دوسرے مرحلے میں اسے مذید بڑھا کر 12 یورو فی گھنٹہ کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے سے جرمنی میں کام کرنے والے 62 لاکھ سے زائد ورکرز کو فائدہ ہو گا جن میں اپنا کام کرنے والے اور مرضی سے کام کرنے والے بھی شامل ہیں۔ یہ تعداد جرمنی کی ورک فورس کا 10 فیصد بنتی ہے۔ کم سے کم اجرت بڑھانے کا بل پارلیمنٹ میں شولز کی سوشل ڈیموکریٹ پارٹی، گرینز اور فری ڈیموکریٹک پارٹی کے معاہدے کے نتیجے میں منظور ہوا ہے۔

کم سے کم اجرت میں اضافہ کرنے کے علاوہ پارٹ ٹائم ملازمت کرنے والوں کی تنخواہ بھی 450 یورو سے بڑھا کر 520 یورو کر دی گئی ہے۔ وزیر محنت ہوبرٹس ہیل کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے خواتین اور مشرقی جرمنی کے ورکرز کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا۔ جرمن ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے مطابق ان فیصلوں سے جرمنی میں قوت خرید میں 4 ارب 80 کروڑ یورو کا اضافہ ہو گا۔ فیصلوں پر تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے جرمن معیشت کورونا کا جھٹکا سہنے کے بعد بحالی کے مرحلے میں ہے، اس دوران اجرت میں اضافے کے معیشت کی نمو پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جو گزشتہ سال کے اختتام پر 5 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی۔