جرمنی،417 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار، غیر ملکی کے خلاف تحقیقات

جرمنی میں حکام ایک کروڑ پتی چیک شہری کے خلاف خطرناک حد تک تیز کار چلانے پر تحقیقات کر رہے ہیں۔ رڈیم پاسر نامی شخص پر الزام ہے کہ اس نے جولائی 2021 میں برلن اور ہین اوور کے درمیان آٹو بان پر 417 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار چلائی تھی۔ اس نے اپنی سپیڈ ریکارڈ کر کے یو ٹیوب پر اپ لوڈ بھی کر دی تھی جس کے بعد اس کے خلاف تحقیقات شروع ہو گئیں۔ بگاٹی شیرون پر ڈرائیونگ کی یہ ویڈیو سامنے آنے کےبعد پورے ملک سے اس پر تنقید کی گئی تھی۔ جرمن پراسیکیوٹرز کا کہنا ہےکہ 58 سالہ چیک شہری نے ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رفتار حاصل کرنے کی غرض سے انتہائی خطرناک ڈرائیونگ کی۔ جرم ثابت ہونے پر اسے دو سال قید یا بھاری جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ جرمن وزیر ٹرانسپورٹ فوکر وسنگ کا کہنا ہے کہ جرمنی میں سپیڈ کی حد مقرر نہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ڈرائیورز ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کریں اور گاڑیوں کو قابو سے باہر رفتار کی حد تک لے جائیں۔