روسی حملہ، پاکستانی طلبہ کو یوکرین چھوڑنے کی ہدایت

روسی فوج کے یوکرین پرحملے کے بعد یوکرین میں موجود پاکستانی طلبہ کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں تعینات پاکستان کے سفیر میجر جنرل ریٹائرڈ نول اسرائیل کھوکھر نے یہ ہدایت وہاں موجود 40 طلبہ کے ساتھ ورچوئل ملاقات کے دوران کی۔ طلبہ سے کہا گیا ہے کہ یوکرین میں حالات کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں اس لیے انہیں چاہئے کہ وہ پاکستان واپس چلے جائیں۔ تاہم انہیں یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ جو طلبہ اپنے کسی امتحان یا دیگر ضروری مصروفیت کی وجہ سے پاکستان نہیں جا سکیں گے ان کے ساتھ سفارتخانہ رابطے میں رہے گا۔ یوکرین کی وزارت تعلیم و سائنس سے یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ وہ واپس جانے والے طلبہ کو آن لائن تعلیم دینے کا بندوبست کرے۔ یوکرین میں موجود زیادہ تر پاکستانی طلبہ مختلف یونیورسٹیوں سے میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔