ناروے نے زیادہ تر کوروناپابندیاں ختم کر دیں

ناروے کی حکومت نے ملک میں رائج زیادہ تر کوورنا پابندیاں ختم کر دی ہیں تاہم ماسک پہننے اور عوامی مقامات پر ایک میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندیاں جاری رہیں گی۔ یہ فیصلہ نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ اور نارویجن انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے مشورے پر مبنی ہے جو اب بہت سے اقدامات کو ختم کرنے کی سفارش کرتا ہے۔

نئے اعلانات کے بعد لوگوں کے گھروں میں مہمانوں کی اور عوامی مقامات پر اکٹھے ہونے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ عوامی مقامات پر نشستوں میں فاصلے کی شرط کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔یونیورسٹیوں، یونیورسٹی کالجوں اور پیشہ ورانہ اسکولوں میں تدریس کا عمل بغیر کسی پابندی کے جاری رکھا جا سکے گا۔ کھیل اور تفریحی سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق شروع کی جا سکیں گی۔اس ضمن میں تفریحی مقامات اور کھیل کے میدان بھی کھول دیئے گئے ہیں۔تاجر ورک فرام ہوم کی شرط سے مستشنیٰ ہوں گے۔

نارویجن انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو خدشہ ہے کہ موسم گرما سے پہلے تیس سے چالیس لاکھ  افراد کورونا کی قسم اومیکرون سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس صورت میں معیشت کو 20 فیصد تک افرادی قوت کی کمی کاسامنا ہو سکتا ہے جس سے اس کی نمو پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔