ہالینڈ،کوروناکے باعث سیاحوں کی آمد میں ریکارڈ کمی

ہالینڈ کے قومی ادارہ شماریات کے دفتر سی بی ایس کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طور پر 63 لاکھ غیر ملکی سیاحوں نے ملک میں  کم از کم ایک رات گزاری۔ یہ تعداد2020 کے مقابلے میں 13 فیصد اور 2019 کے پری کورونا وائرس سال سے 69 فیصد کم ہے۔ روایتی طور پر سب سے بڑے گروپ جرمن سیاحوں کی تعداد 24 فیصد کم ہو کر 25 لاکھ رہ گئی  جبکہ برطانوی سیاحوں کی تعداد صرف 2 لاکھ 10 ہزار تک گر گئی جو 2020 سے 60 فیصد اور 2019 سے 90 فیصد کم ہے۔خاص طور پر برطانوی سیاحوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے طویل عرصہ سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سی بی ایس نے کہا کہ عجائب گھروں اور کیفوں سمیت زیادہ تر پرکشش مقامات بھی سال کے ایک بڑے حصے کے لیے بند کر دیئے گئے تھے ۔ بیلجیئم میں سیاحوں کی تعداد قدرے بہترہے لیکن 2019 کے مجموعی حصے کا پچاس فیصد ہے ۔