تھائی حکومت ملک میں داخلے کی شرائط نرم کرنے پر رضامند

تھائی لینڈ کی حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز کم ہونے کے بعد غیر ملکی مسافروں کے لیے پابندیاں نرم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ نئے ضوابط کے تحت مسافر دوسرے آرٹی۔پی سی آر ٹیسٹ کی جگہ اینٹی جن ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کی کم سے کم مالیت 50 ہزار ڈالر سے کم کر کے 20ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلے وزیر اعظم پریوت چانو چا کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کئے گئے۔ اب تھائی لینڈ میں داخل ہونے والوں کو پانچویں روز اینٹی جن ٹیسٹ کروانے کی اجازت دے دی گئی ہے اس سے قبل آرٹی۔پی سی آر کی شرط لاگو تھی۔ اس کے علاوہ اب قرنطینہ بھی صرف ایک رات کے لیے کرنا پڑے گا۔ کورونا ویکسی نیشن مکمل کروانے اور تھائی لینڈ آنے سے 72 گھنٹے قبل منفی کورونا رپورٹ ساتھ رکھنے کی شرائط بھی برقرار رہیں گی۔ کورونا کے باعث تھائی لینڈ کی سیاحت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ دنیا بھر سے ہر سال کروڑوں سیاح سیر و تفریح کے لیے تھائی لینڈ کا رخ کرتے ہیں۔