تھائی لینڈ میں100سے زائد غیر قانونی تارکین گرفتار

International Desk

انٹرنیشنل ڈیسک، بنکاک

24 جنوری           2022 

تھائی لینڈ میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والے 107 تارکین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان افراد کو تھائی بارڈر پٹرول نے کنچنا بری صوبے سے گرفتار کیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 66 مرد اور 41 خواتین شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ تمام افراد کا تعلق میانمار سے ہے اور انہوں نے  تھائی لینڈ میں ملازمت کے لیے بروکرز کو 10ہزار تھائی باتھ سے لے کر 27 ہزار تھائی باتھ فی کس ادا کئے تھے۔ گزشتہ ہفتے بھی تھائی پولیس نے میانمار سے تعلق رکھنے والے ایسے سینکڑوں غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا تھا جنہوں نے تھائی لینڈ میں ملازمت کے لیے 5 ہزار سے 20ہزار باتھ تک ادا کئے تھے۔ پولیس کے مطابق بعض افراد نے 50 ہزار باتھ بھی ادا کئے۔

تھائی ماہرین کا کہنا ہے کہ میانمار سے آنے والے زیادہ تر غیر قانونی تارکین بہترمعاشی مستقبل کی تلاش میں تھائی لینڈ میں آتے ہیں لیکن کچھ جبر و ستم سے بھاگ کر بھی یہاں پہنچتے ہیں۔ تھائی وزارت داخلہ کی جانب سے کرائے گئے ایک حالیہ سروے میں ہوشربا نتائج سامنے آئے تھے۔ سروے کے مطابق تھائی لینڈ میں کام کرنے والے میانمار اور کمبوڈیا کے  غیر قانونی تارکین میں سے 4.3فیصدسیاسی بنیادوں پرکئے جانے والے ظلم یا جبری مشقت سے بھاگ کر آئے تھے۔ آج گرفتار ہونے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں واپس ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

Shopping Basket