کینیڈا، سفری پابندیاں اٹھتے ہی کورونا ٹیسٹ سستے ہونے کا امکان

کورونا کیسز میں کمی کے بعد کینیڈا کی سفری پابندیوں میں نرمی کی تاریخ قریب آ رہی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ پابندیاں نرم ہونے کے بعد مہنگے کورونا ٹیسٹ کی قیمت میں بھی کمی آ جائے گی۔ نئے اقدامات کے تحت 28فروری سے کینیڈا آنے والے مسافروں میں سے صرف منتخب مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ جن مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا انہیں نتیجہ آنے تک قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔

پری انٹری کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے مسافروں کو اپنی مرضی سے ریپڈ انٹیجن یا مالیکیولر میں سے کوئی ایک ٹیسٹ کروانے کی آزادی بھی مل جائے گی۔ یہ مسافروں کے لیے اچھی خبر ہے کیونکہ ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ سستا اور آسان ہے۔ وال مارٹ فارمیسز پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ 20 ڈالر میں دستیاب ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ یہ کسی رجسٹرڈ لیبارٹری سے کروایا جائے۔ اسی طرح یہ کینیڈا پہنچنے سے پہلے 24 گھنٹوں کے اندر اندر کروانا بھی ضروری ہے۔ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے 199ڈالر تک ادا کرنے پڑ سکتے ہیں۔ ویکسی نیشن کروائے بغیر کینیڈا آنے والوں کو پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانا پڑے گا اور انہیں قرنطینہ بھی کرنا ہو گا۔