کینیڈا کا 28 فروری سے بارڈر پر پابندیاں نرم کرنے کا اعلان

کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں خاطر خواہ کمی کے بعد کینیڈا نے ملک میں داخل ہونے والے افراد کے لیے پابندیوں میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ویکسی نیشن مکمل کروانے والے افراد آنے سے پہلے اینٹی جن ٹیسٹ کے ساتھ کینیڈا میں داخل ہو سکیں گے جبکہ بچوں کو اب چودہ روز قرنطینہ میں نہیں گزارنے پڑیں گے۔ ملک کے تمام ائر پورٹس بھی 28 فروری سے انٹرنیشنل پروازوں کے لیے کھول دئیے جائیں گے۔

اگر ویکسی نیشن مکمل کرنے والے کسی مسافر کا ائر پورٹ پر کورونا ٹیسٹ کیا جاتا ہے تو اسے رزلٹ آنے تک قرنطینہ میں نہیں رہنا پڑے گا۔ اینٹی جن ٹیسٹ فلائٹ کی روانگی کے وقت سے 24 گھنٹے کے اندر کسی تسلیم شدہ لیبارٹری یا ادارے سے کروانا ضروری ہے۔ گھر پر کیا گیا ٹیسٹ قبول نہیں کیا جائے گا۔ مسافر کینیڈا پہنچنے سے پہلے 72 گھنٹے کے اندر کروایا گیا پی سی آر ٹیسٹ بھی جمع کروا سکتے ہیں۔ مالیکیولر ٹیسٹ کے لیے سابقہ ضابطہ برقرار رکھا گیا ہے۔ ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ’ارائیو کین’نامی ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔

ایسے مسافر جنہوں نے ویکسی نیشن مکمل نہیں کروائی، ان کا ائر پورٹ پر ٹیسٹ نمونہ لے کر انہیں چودہ روز قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور قرنطینہ کے آٹھویں روز بھی انہیں ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ حکومت نے کینیڈا کے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری کا لیول تین سے کم کر کے دو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے بعد کینیڈین شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے رکنے کا مشورہ نہیں دیا جائے گا۔