کورونا پابندیاں، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے شادی ملتوی کردی

Hassan Gilani Christ Church

حسن گیلانی، آکلینڈ

23  جنوری           2022 

نیوزی لینڈ میں کورونا کے خلاف نئی پابندیاں نافذ ہونے کے بعد وزیراعظم جیسیندا آڈرن نے اپنی شادی ملتوی کردی ہے۔ ان کی شادی آئندہ ہفتے ہونا قرار پائی تھی۔ ویلنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پورا ملک اومیکرون کے خطرے سے دوچار ہے اور نئی پابندیاں نافذ کی جا چکی ہیں، وہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وبا میں کمی کے بعد حالات معمول پر آنے تک انتظار کریں گی۔

نیوزی لینڈ نے پیر 24 جنوری سے ملک بھر میں کورونا کے خلاف مزید اقدامات لاگو کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان اقدامات کے تحت عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے جبکہ تقریبات میں شرکت کرنے والوں کی تعداد بھی محدود کر دی گئی ہے۔ یہ اقدامات ایک ہی خاندان میں اومیکرون کے چھ کیسز سامنے آنے کے بعد اٹھائے گئے ہیں۔ یہ خاندان ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جنوری کے شروع میں آکلینڈ آیا تھا۔ اس خاندان نے انکشاف کیا تھا کہ وہ 100 سے زیادہ افراد کے ساتھ رابطے میں آئے تھے۔ نیوزی لینڈ اب تک اومیکرون کی لہر سے محفوظ تھا لیکن وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اس کے تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت کے باعث یہ یقینی طور پر ملک کے لیے خطرہ ہے۔

نیوزی لینڈ میں 12 سال سے بڑی عمر کے 93 فیصد شہریوں کو مکمل کورونا ویکسین دی جا چکی ہے جبکہ 52 فیصد بوسٹر شاٹ بھی لگوا چکے ہیں۔ 5 سے 11 سال کے بچوں کو حال ہی میں ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

Shopping Basket