ڈنمارک کا آئندہ ہفتے کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

برطانیہ، آئرلینڈ اور ہالینڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ڈنمارک نے آئندہ ہفتے کورونا پابندیاں ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ ان تینوں ممالک نے اومیکرون کے بڑھتے کیسز کے باوجود کورونا پابندیاں ختم کر دی تھیں یا ان میں بڑی نرمی کر دی تھی۔ ڈنمارک نے دو ہفتے قبل ایک مہینے کے لاک ڈاؤن کے بعد پابندیوں میں نرمی کی تھی جن کے تحت سینما اور موسیقی کے مقامات کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ لازمی فیس ماسک اور ریستورانوں کو مخصوص اوقات میں کھولنے کی پابندیاں نہیں ہٹائی گئی تھیں۔

 وزیر صحت میگنس ہنیکے نے پارلیمنٹ کے نام ایک خط میں لکھا ہے کہ حکومت ماہرین کے پینل کی سفارشات کی روشنی میں یکم فروری سے تمام پابندیاں ختم کرنا چاہتی ہے۔ حکومت نے پابندیاں اٹھانے کی منظوری دے دی تو نورڈک ریاستوں میں ڈنمارک ایسا کرنے والا پہلا ملک ہو گا۔ سفارشات کی منظوری کے بعد نائٹ کلب کھل جائیں گے اور ریستوران رات دس بجے کے بعد بھی کھانا پیش کر سکیں گے جبکہ شہریوں کو ان مقامات میں داخل ہونے کے لیے ویکسین کارڈ دکھانے کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔ مسافر وں کو ماسک کے بغیر بسوں میں سفر کر نے کی اجازت مل جائے گی۔ دکانوں میں گاہکوں کی تعداد پر عائد پابندی بھی ہٹا لی جائے گی۔ ڈنمارک میں داخل ہونے والوں پر ٹیسٹ اور آئسولیشن کی پابندی آئندہ چار ہفتوں تک جاری رہے گی۔