گولڈن پاسپورٹ پر ویزہ فری یورپی سفر معطل کرنے کی سفارش

Naveed Alam

محمد نوید عالم، لندن

13  جنوری           2022 

یورپی یونین میں گولڈن پاسپورٹ والے ملک وانوآٹو کے شہریوں کے لیے یورپ کے ویزہ فری سفر کی سہولت معطل کرنے کی سفارش سامنے آ گئی ہے۔ یہ سفارش یورپی کمیشن کی جانب سے یورپی یونین میں جمع کروائی گئی ہے۔ وانوآٹو بحرالکاہل میں جزائر میں مشتمل چھوٹا سا ملک ہے جس نے ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کی سکیم شروع کر رکھی ہے۔ غیر ملکیوں کی بڑی تعداد اس سہولت سے فائدہ اٹھا کر یورپ کا ویزہ فری سفر کر رہی ہے۔

وانوآٹو کے پاسپورٹ پر ملنے والی اس بڑی سفری سہولت کی وجہ سے اسے گولڈن پاسپورٹ کہا جاتا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار سے منی لانڈرنگ  اور سیکیورٹی کے علاوہ دیگر کئی مسائل پیدا ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اس سفارش پر یورپی یونین کے رکن 27 ممالک سے رائے طلب کر لی گئی ہے۔ اکثریتی ممالک نے اس سفارش کی حمایت کی تو یہ پہلا موقع ہو گا جب گولڈن پاسپورٹ کے حامل کسی ملک کے شہریوں سے ویزہ فری سفر کی سہولت واپس لی جائے گی۔ اس فیصلے سے مشرقی یورپ کے کئی ممالک بھی متاثر ہو سکتے ہیں جہاں اس سے ملتے جلتے قانون اور سرمایہ کاری کے بعد غیر ملکیوں کو پاسپورٹ جاری کردیا جاتا ہے۔

حیران کن طور پر یورپی یونین کے کئی بڑے ممالک خود ایسی سرمایہ کاری پر غیر ملکیوں کو پاسپورٹ جاری کرتے ہیں اور یورپی یونین اسے اپنے قوانین کے مطابق قرار دیتی ہے۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

Shopping Basket