منی لانڈرنگ،انکوائری شروع ہونے پر حریم شاہ کا یوٹرن

Naveed Alam

محمد نوید عالم، لندن

13  جنوری           2022 

بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی کے ساتھ ویڈیو میں پاکستان کے نظام پر طنز کرنے والی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ مصیبت میں پڑ گئی ہیں۔

دو روز پہلے ان کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں برطانوی کرنسی کی بڑی مقدار کے ساتھ دیکھا جا سکتا تھا۔ اس موقع پر حریم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ آسانی کے ساتھ کرنسی کی اتنی بڑی مقدار پاکستانی ائر پورٹ سے لے کر لندن پہنچ گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی اداروں، پاکستانی روپے اور پاکستانی پاسپورٹ کامذاق بھی اڑایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جتنی مرضی رقم لے آئیں انہیں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ ان کی ویڈیو پر ایف آئی اے نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں وضاحت پیش کرنےکا نوٹس جاری کردیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں حریم شاہ منی لانڈرنگ کا اعتراف کرنےکے ساتھ ساتھ پاکستان کا تمسخر اڑا رہی ہیں اس لیے وہ پیش ہو کر اپنی وضاحت دیں۔

نوٹس جاری ہوتے ہی حریم شاہ نے سب سے پہلےاپنی ویڈیو ڈیلیٹ کی لیکن تب تک بہت تاخیر ہو چکی تھی کیونکہ بہت سے دوسرے سوشل میڈیا صارفین اسے شیئر کر چکے تھے۔ اس کے بعد حریم شاہ نے ایک اور وضاحتی ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے کہا کہ پہلی ویڈیو مذاق میں بنائی گئی تھی، اگر انہوں نے منی لانڈرنگ کی ہوتی تو اس طرح اس کا پرچار نہ کرتیں۔ ویڈیو میں دکھائی جانے والی کرنسی قانونی تھی جو ان کے بھائی کی ملکیت تھی۔ بہر حال ایف آئی اے کے نوٹس کے بعد انہیں جواب تو دینا پڑے گا۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

Shopping Basket