امریکہ: غیر ملکی اعلیٰ پروفیشنلز کے ورک ویزوں میں اضافہ

Burhan Chaudhary

برہان فواد، واشنگٹن ڈی سی

13  جنوری           2022 

امریکہ میں ایچ ون بی یعنی اعلیٰ ہنر مندوں کو دئیے جانے والے ویزوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس کیٹیگری میں دی جانے والی درخواستوں کے مسترد ہونے کی شرح ٹرمپ دور سے پہلے کی شرح پر آ گئی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی غیر ملکیوں کے ویزوں کی سخت پالیسیوں کے باعث دوسری کیٹیگریز کے ساتھ ساتھ اعلیٰ ہنرمندوں کے ویزوں میں بھی نمایاں کمی واقع ہو گئی تھی۔نیشنل فاؤنڈیشن فار نیشنل پالیسی کی تازہ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں سن 2018 کے دوران ایچ ون بی کے تحت دی جانے والی 24 فیصد ویزہ درخواستیں مسترد کر دی گئیں، 2019 میں مسترد ہونے والی درخواستوں کی شرح 21 فیصد اور 2020 میں 13 فیصد تھی۔

گزشتہ سال یہ شرح کم ہو کر 4 فیصد تک آ گئی ہے جو ٹرمپ دور شروع ہونے سے پہلے والی سطح ہے۔ امریکی عدالتوں نے بعد میں 2020 میں ٹرمپ کی یہ پالیسی غیر قانونی قرار دے دی تھی اور اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے سے اعلیٰ پروفیشنلز امریکہ کی بجائے دوسرے ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔غیر ملکی طلبہ بھی اسی کیٹیگری میں ویزہ حاصل کر کے امریکہ میں ملازمت کی بنیاد پر امیگریشن حاصل کر کے امریکی شہری بنتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اربوں ڈالر مالیت کی کمپنیوں کے کئی بانی، ویکسین اور طبی سہولتیں فراہم کر کے امریکیوں کی زندگیاں بچانے والے کئی افراد اسی ویزے پر امریکہ آئے تھے۔

سن 2021 میں ایچ ون بی ویزے سب سے زیادہ ایمزون کے ملازمین نے حاصل کئے جن کی تعداد 6 ہزار 182 رہی۔ سن 2020 میں بھی ایمزون نے ایچ ون بی ویزے سب سے زیادہ حاصل کئے تھے۔ گزشتہ سال انفوسیس 5 ہزار 256 ویزوں کے ساتھ دوسرے اور ٹی سی ایس 3 ہزار 63 ویزوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔بل گیٹس کی مائیکروسافٹ نے بھی دنیا بھر سے ایک ہزار 240 اعلیٰ پروفیشنلز کو ایچ ون بی ویزے پر امریکہ بلایا۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

Shopping Basket