امریکہ جانے والی متعدد پروازیں منسوخ یا روٹ تبدیلی پر مجبور

Burhan Chaudhary

برہان فواد، واشنگٹن ڈی سی

20  جنوری           2022 

بعض امریکی ائیر پورٹس کے قریب فائیو جی ٹیکنالوجی آپریشنل ہونے کے مسئلے پر امریکہ جانے والی متعدد پروازیں منسوخ یا روٹ تبدیل کرنے پر مجبور ہو گئیں۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے فائیو جی ٹیکنالوجی آپریشنل ہونے کے باوجود ایسے طیاروں کی فہرست جاری کی تھی جو امریکی ائیر پورٹس پر اتر سکتے تھے لیکن ان میں بوئنگ 777 کانام شامل نہیں تھا۔ دنیا بھر کی ائیر لائنز  لمبے روٹس پر بوئنگ 777 استعمال کرتی ہیں۔ دوسری طرف بڑی امریکی موبائل فون کمپنیوں اے ٹی اینڈ ٹی اور ویریزون نے اعلان کیا تھا کہ وہ بعض امریکی ائیر پورٹس کے قریب فائیو جی سروسز شروع کرنے کا عمل مؤخر کر رہی ہیں۔ اس کے باوجود بڑی ائیر لائنز نے یا تو اپنی پروازیں منسوخ کر دیں یا ان کے روٹس تبدیل کر دئیے۔

 مشرق کو مغرب سے ملانے والی اہم ائیر لائن ایمریٹس نے جن امریکی شہروں کے لیے پروازیں بند کی ہیں ان میں بوسٹن، شکاگو، ڈیلاس فورٹ ورتھ، ہیوسٹن، میامی، نیو آرک، نیو جرزی، اورلینڈو، فلوریڈا، سان فرانسیسکو اور سیئٹل شامل ہیں۔ ایمریٹس کی لاس اینجلس، نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔ متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک کامیابی کے ساتھ بغیر کسی حادثے کے ائیرپورٹ کے قریب فائیو جی سروسز شروع کر چکے ہیں۔ امریکہ میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فائیو جی کی سی بینڈ سٹرینڈ طیاروں کے ریڈیو آلٹی میٹرز میں مداخلت کا باعث بن سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

Shopping Basket