فرانس میں بارز، ریستوران، سینما کے لیے کورونا پاس لازمی قرار

International Desk

انٹرنیشنل ڈیسک، پیرس

23  جنوری           2022 

فرانس کی آئینی کونسل نے ملک کے نئے ویکسین پاس کی منظوری دے دی ہے۔ نئے قانون کے مطابق  سولہ سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو بارز، ریستوران اور سینما گھروں جیسے عوامی مقامات میں داخل ہونے کے لیے ویکسینیشن کا ثبوت دکھانے کی ضرورت ہوگی۔ نیا پاس صدر ایمانوئل میکرون کی اس مہم کا حصہ ہے جس کے تحت ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے لیے زندگی کو اتنا مشکل بنا دیا جائے گا کہ وہ ویکسین لگوانے پر مجبور ہو جائیں گے۔ آئینی کونسل کے فیصلے کے مطابق ویکسین پاس پیر 24 جنوری سے لاگو ہوگا۔

سولہ سال سے زیادہ عمر کے ہر فرد کو ویکسین پاس دکھانا ہوگا اور ساتھ ہی قانون سازی میں ایک ایسی شق بھی شامل کی گئی ہے جس کے تحت بار اور ریستوران کے منیجرز کو کسی بھی شخص کی جانچ پڑتال کرنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ جعلی سرٹیفکیٹ کے استعمال کو روکا جا سکے۔ ویکسین پاس کی منظوری کے بعد کورونا سے متعلقہ پابندیوں کے خلاف ہفتہ وار ہونے والے مظاہروں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ویکسین کے خلاف مزاحمت کرنے والے کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ میکرون نے انہیں دوسرے درجے کے شہری جیسا بنا دیا ہے۔فرانس میں اسپتالوں کے مطابق انتہائی نگہداشت میں کوویڈ کے مریضوں کی بڑی اکثریت غیر ویکسین شدہ ہے۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

Shopping Basket