جہاز کے پہیے میں چھپ کر افریقہ سے ہالینڈ پہنچنے والا گرفتار

International Desk

انٹرنیشنل ڈیسک، ایمسٹرڈیم

25 جنوری           2022 

ہالینڈ میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جو جہاز کے لینڈنگ گیئر یعنی پہیے میں چھپ کر ملک میں داخل ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جنوبی افریقہ سے دارالحکومت ایمسٹرڈیم کے انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچا تھا۔ جس جہاز کے پہیے میں چھپ کر وہ ہالینڈ پہنچا وہ ایک کارگو جہازتھا جو سامان جنوبی افریقہ چھوڑ کر ہالینڈ واپس پہنچا تھا۔ ملزم جوہانسبرگ ائیر پورٹ پر چھپ چھپا کر جہاز کے لینڈنگ گئیر تک پہنچا اور پھر اس میں چھپ گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم گیارہ گھنٹے کی فلائٹ کے دوران چھپ کر بیٹھا رہا جہاں اسے تیس ہزار سےزائد فٹ کی بلندی پر آکسیجن کی کمی اور شدید سردی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا زندہ رہنا کسی معجزے سے کم نہیں۔ اسے گرفتار کر کے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جارہی ہے۔ جہاز کے پہیے میں چھپ کر یورپی ممالک پہنچنے کی کوشش میں کئی افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ حال ہی میں افغانستان کے کابل ائیر پورٹ پر جہاز کے لینڈنگ گیئر میں چھپنے والے دو افغان باشندے زمین پر گر کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

Shopping Basket