ویکسین نہ کرانے والوں کا امریکہ میں داخلہ بند

Muhammad Awais Canada

محمد اویس، ٹورنٹو

23 جنوری           2022 

امریکہ نے کینیڈا کے شہریوں سمیت ایسے تمام غیر ملکیوں پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جنہوں نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی۔ امریکہ نے ہوائی جہاز سے آنے والے مسافروں کے لیے کورونا ویکسین پہلے ہی لازمی قرار دے رکھی ہے لیکن اب یہ زمینی یا سمندری راستے سے آنے والوں پر بھی لاگو کر دی گئی ہے۔ اب کسی بھی طریقے سے امریکہ پہنچنے والوں نے اگر ویکسین کا ثبوت فراہم نہ کیا تو انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے اس شرط کا اطلاق امریکی شہریوں، مستقل رہائشیوں اور امریکہ میں قیام پذیر تارکین پر نہیں ہو گا۔کینیڈا اور میکسیکو سے امریکہ میں داخل ہونے والے ڈرائیورز اور مسافروں کو کوویڈ ٹیسٹ نہیں کروانا پڑے گا لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ انہوں نے ویکسی نیشن مکمل کروا لی ہو۔ ہوائی راستے سے داخل ہونے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ منفی کورونا ٹیسٹ یا حال ہی میں کورونا سے صحت یاب ہونے کا ثبوت ساتھ رکھیں جبکہ ویکسین سے استثنیٰ انہیں بھی حاصل نہیں ہو گا۔

ایک ہفتہ پہلے کینیڈا نے بھی غیر ویکسین شدہ مسافروں کو دی جانے والی رعایتیں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے تحت غیر ملکی طلبہ، ٹرک ڈرائیورز، پروفیشنل اتھلیٹس، عارضی ملازمت کرنے والے اور انتہائی ضروری خدمات فراہم کرنے والے غیر ملکی ویکسین مکمل کروائے بغیر کینیڈا میں داخل نہیں ہو سکتے۔

Shopping Basket