ٹورنٹو: پاکستانی نژاد شہریوں کی سمکو جھیل میں آئس فشنگ

Muhammad Awais Canada

محمد اویس، ٹورنٹو

24 جنوری           2022 

کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کی سمکو جھیل پر برف کی طے جمنے کے بعد اس میں آئس فشنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ٹورنٹو کے قریب واقع اس جھیل کی سطح ہر سال موسم سرما میں جم جاتی ہے۔ اس وقت ٹورنٹو کا اوسط درجہ حرارت منفی 20تک گر چکا ہے۔ سردی کی شدت بڑھتے ہی برفباری سے سڑکیں اور پارکس وغیرہ برف کی چادر اوڑھ لیتی ہیں جس سے آؤٹ ڈور سرگرمیاں محدود ہو جاتی ہیں۔ ایسے میں سمکو جھیل کے ارد گرد کے ریجنز کے رہائشی جھیل میں آئس فشنگ سے لطف اندوز ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔

ٹورنٹو میں رہنے والے پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں کی بڑی تعداد آئس فشنگ کے ایڈونچر کا مزہ لیتی ہے۔ رہائشی واجد علی خان بھی انہیں پاکستانی نژاد باشندوں میں سے ایک ہیں جو آئس فشنگ سے لطف اندور ہونے ہر سال سمکو جھیل کا رخ کرتے ہیں۔ اردو ڈیجیٹل سے بات چیت کرتے ہوئے  واجد علی خان نے بتایا کہ وہ کئی سال سے آئس فشنگ کے لیے سمکو جھیل آ رہے ہیں۔ اس کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ پہلے جھیل کی سطح پر کسی ایسی جگہ کا تعین کیا جاتا ہے جہاں بورنگ کر کے سوراخ بنایا جا سکے۔

سوراخ بنانے کے بعد نیچے نظر آنے والے جھیل کے پانی میں مچھلیاں پکڑنے کے مختلف طریقوں سے شکار کیاجاتا ہے۔ واجد کاکہنا تھا کہ کنڈیاں لگا کر مچھلیوں کا شکار سب سے مقبول طریقہ سمجھا جاتا ہے اور وہ بھی اسی طرح مچھلیوں کا شکار کرتے ہیں۔

تیس کلو میٹر لمبی اور 25کلو میٹر چوڑی سمکو جھیل کا مجموعی رقبہ 722مربع کلو میٹر کے قریب ہے۔ یہ اتنی بڑی ہے کہ اس کی حدیں سمکو کاؤنٹی کے علاوہ درہم ریجن اور یورک ریجن کے ساتھ لگتی ہیں۔ مختلف مقامات سے 6دریا سمکو جھیل میں گرتے ہیں جن میں بلیک ریور، بیور ریور، ہالینڈ ریور، ماکینونگ ریور، پیفرلا ریور اور ٹالبوٹ ریور شامل ہیں۔جھیل میں کئی جزیرے بھی ہیں جن میں جارجینا سب سے بڑا ہے۔

تصاویر: محمد اویس

Shopping Basket