برطانیہ آنے والے یورپی شہریوں کے لیے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم

Naveed Alam

محمدنویدعالم

25 جنوری           2022 

برطانوی حکومت نے کورونا ویکسین مکمل کرانے والے یورپی مسافروں کے لیے کوویڈ ٹیسٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس میں آمد کے دن 2 کے اندر کرائے جانے والے ٹیسٹ بھی شامل ہیں جس کے لئے یورپ سے آنے والے مسافروں کو پہلے ادائیگی کرنا پڑتی تھی۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ آنے والے ایسے مسافر جنہیں ویکسین کی دو ڈوز لگ چکی ہیں ان کو پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ملک کاروبار کے لیے کھلا ہے۔

 برطانیہ نے پہلے ہی مکمل ویکسین شدہ افراد کے لئے پیشگی ٹیسٹ ختم کر دیا ہے تاہم اب بھی ایک پرائیویٹ کمپنی کو 2 دن کے ٹیسٹ کے لیے ادائیگی کرنا لازمی ہے۔مسافر لوکیٹر فارم کو مکمل کرنے کے لیے ٹیسٹ کے لیے بکنگ کا حوالہ نمبر دینا ہوتاہے جسے برطانیہ میں آنے والے تمام افراد کو اپنے سفر سے پہلے جمع کرانا ہوتا ہے۔

برطانیہ نے 2021 میں برطانیہ آنے والوں کے لئے نئی پالیسی متعارف کروائی تھی۔ٹیسٹ صرف نجی فراہم کنندگان سے ہی بک کیے جاسکتے ہیں جو برطانیہ کی حکومت کی منظور شدہ فہرست میں شامل ہیں۔ مسافروں کے مطابق بہت سی جعلی کمپنیاں بھی اس ضمن میں سرگرم ہیں جو مسافروں کو رزلٹ بھی فراہم نہیں کرتیں۔ جن مسافروں کو مکمل طور پر ویکسین نہیں لگائی گئی ہے انہیں اب بھی روانگی سے قبل ٹیسٹ اور دو دن کے اندر ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی، لیکن اب انہیں آمد پر قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا جبکہ 18 سال سے کم عمر افراد کو کسی ٹیسٹ کی ضرورت نہیں۔

Shopping Basket