فرانس نے برطانیہ پر سفری پابندیاں ختم کر دیں

Naveed Alam

محمدنویدعالم

28 جنوری           2022 

فرانسیسی حکومت نے کورونا کے باعث برطانوی سیاحوں پر عائد کی جانے والی پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ جمعہ 28 جنوری سے برطانوی سیاح  روانہ ہونے سے 24 گھنٹے کے اندرکروایا گیا منفی کورونا ٹیسٹ دکھا کر فرانس میں داخل ہو سکیں گے۔ فرانس میں داخل ہونے کے بعد انہیں قرنطینہ بھی نہیں کرنا ہو گا۔ فرانسیسی حکومت نے برطانوی شہریوں کے لیے فرانس میں داخل ہونے کے لیے ٹھوس وجہ  کا ثبوت پیش کرنے کی شرط عائد کر رکھی تھی، یہ شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ نئے اعلان کے مطابق دوسرے یورپی ممالک سے ٹرانزٹ کے لیے فرانس آنے والے برطانوی مسافروں سے پابندی بھی اٹھا لی گئی ہے۔

فرانسیسی حکومت نے یہ فیصلہ اپنی سیاحت کی صنعت کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا ہے۔ سیاحت سے جڑی تمام انڈسٹری کورونا کے دوران نقصان میں جا رہی تھی۔ ہر سال ہزاروں برطانوی سیاح سردی میں چھٹیاں گزارنے فرانس کے گرم علاقوں میں جاتے ہیں۔  اس پابندی کے خاتمے کے بعد برطانوی سیاح یورو ٹرین، فیری اور ہوائی سفر آسانی کے ساتھ کر سکیں گے۔ سیاحتی انڈسٹری نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور فرنچ حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں سیاح سرد موسم میں برف باری، کھیل اور خصوصی ایونٹس سے لطف اندوز ہونے کے لیے یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں۔ امید کی جارہی ہے اس فیصلے سے مشکل سے دو چار سیاحتی انڈسٹری کو مالی فائدہ پہنچے گا اور ہزاروں بے روزگار افراد دوبارہ نوکریاں شروع کریں گے۔

Shopping Basket