پاکستانی ائیر لائنز کو یورپ جانے کی اجازت نہ مل سکی

Kiran Hameed

کرن حمید، لاہور

23  جنوری           2022 

یورپی یونین کی ائیر سیفٹی ایجنسی نے پاکستانی ائیر لائنز کو یورپی ممالک کے آپریشن شروع کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ یہ انکار ایجنسی کی جانب سے اس خط کے جواب میں آیا ہے جو پی آئی اے نے پروازوں کی اجازت لینے کے لیے اسے لکھا تھا۔ گزشتہ دنوں انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے اپنے آڈٹ میں پاکستان کو کلیئر قرار دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کو امید پیدا ہو گئی تھی کہ اسے یورپی ممالک اور امریکہ کے لیے پروازوں کی اجازت مل جائے گی۔

یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اس کا انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے آڈٹ سے  کوئی تعلق نہیں۔پاکستان سول ایوی ایشن کا آڈٹ ایجنسی خود کرے گی یا کسی تیسرے فریق سے کروائے گی اور جب تک یہ آڈٹ نہیں ہوتا، پاکستانی ائیر لائنز پر عائد پابندی اٹھانے کی سفارش نہیں کی جا سکتی۔ ایجنسی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے پیشہ ورانہ لائسنس کی تحقیقات بھی ابھی مکمل نہیں ہوئیں۔  سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور نے قومی اسمبلی کے فلور پر بیان دیا تھا کہ پاکستان کے پائلٹس کی اکثریت کے پاس جعلی لائسنس ہیں جس کے بعد یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی نے پاکستانی ائیر لائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

Shopping Basket