پاک بھارت فضائی رابطے بحال کرنے کی تجویز

Kiran Hameed

کرن حمید، لاہور

25 جنوری           2022 

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعطل کا شکار فضائی رابطے بحال کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ یہ تجویز پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی جانب سے سامنے آئی ہے۔ رمیش کمار نے بھارتی وزیراعظم کو ایک خط میں پاکستانی زائرین کو بذریعہ ہوائی جہاز بھارت آنے کی اجازت دینے کی تجویز دی ہے۔ یہ خط پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے بھارتی وزیر اعظم کے آفس بھجوایا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے پاکستان سے زائرین کا ایک وفد 29 جنوری سے یکم فروری تک چار بھارتی شہروں ہری دوار، آگرہ، دہلی اور اجمیر شریف کا دورہ کرے گا جس کا شیڈول منظور ہو چکا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ ان زائرین کو پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے بھارت آنے کی اجازت دی جائے۔

رمیش کمار نے ہندوستان ٹائمز سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پاکستان میں بھی ائر انڈیا کی زائرین کی پروازوں کو اجازت دینے کے امکان پر غور ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت زائرین کے وفد کو پی آئی اے کے ذریعے آنے کی اجازت دے دے تو بھارتی زائرین کے ائر انڈیا کے ذریعے پاکستان جانے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی رابطے سیاسی کشیدگی کے باعث سن 2019 سے معطل ہیں۔ اگر بھارت نے یہ تجویز تسلیم کر لی تو تقسیمِ ہند کے بعد زائرین کو لے کر جانے والی یہ اپنی نوعیت کی پہلی پروازہو گی۔بھارت جانے والے زائرین میں ہندو زائرین کے علاوہ مسلمان زائرین بھی شامل ہوں گے جو بھارت میں موجود مختلف درگاہوں پر حاضری دیں گے۔

Shopping Basket