تقسیمِ ہند پر بچھڑنے والے بھائی کو پاکستان کا ویزہ مل گیا

Kiran Hameed

کرن حمید، لاہور

1 فروری           2022 

پاکستان نے بھارتی شہری سکہ خان کو ویزہ جاری کر دیا ہے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر سکہ خان اور ان کے ویزے کی تصاویر جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شروع کیا جانے والا امن کا سفر جاری و ساری ہے۔ ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کرتارپور صاحب یاتریوں کے لیے کھول کر دونوں ملکوں کے بچھڑے ہوئے خاندانوں کو ملنے کا سنہری موقع فراہم کر دیا ہے۔

گزشتہ دنوں سری دربار صاحب کرتار پور میں دو ضعیف افراد کی ملاقات کی  تصویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس ملاقات کی اہم بات یہ تھی کہ یہ دونوں بھائی تھے جو سن 1947 میں قیامِ پاکستان کے وقت ایک دوسرے سے بچھڑ گئے تھے اور 75 سال بعد پہلی مرتبہ کرتار پور کوریڈور کی بدولت ایک دوسرے سے مل رہے تھے۔ یہ کہانی ہے فیصل آباد کے بوگراں نامی گاؤں میں مقیم محمد صدیق اور بھارت میں رہ جانے والے ان کے بھائی محمد حبیب عرف سکہ خان کی۔ محمد حبیب کی عمر اس وقت دو برس تھی جب وہ اپنی والدہ کے ساتھ بھارت میں رہ گئے اور ان کے والد ان کے بھائی محمد صدیق کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے۔

 تقسیم کی مارا ماری میں بچھڑ جانے والے دونوں بھائی عمر کے آخری دن ایک دوسرے کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔پاکستان میں موجود محمد صدیق نے اپنے بھائی کو ویزہ ملنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بھائی کے استقبال کے حوالے سے کہا ان کا پورا گاؤں ان سے پوچھتا ہے کہ میرا بھائی کب آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لوگوں کی بڑی تعداد سکہ خان کا بھرپور استقبال کرنے واہگہ بارڈر جائے گی۔ دونوں بھائیوں کی ملاقات ایک پاکستانی کے یوٹیوب چینل کے ذریعے ممکن ہو سکی جس میں محمد صدیق کی اپنے بھائی اور والدہ سے بچھڑ جانے کی کہانی بیان کی گئی تھی۔ یہ کہانی دیکھ کر سکہ خان کے گاؤں پھول والا کے ایک ڈاکٹر نے انہیں ان کے بھائی کے بارے میں بتایا تھاجس کے بعد ان کی ملاقات کے لیے کوششیں شروع کردی گئیں۔

Shopping Basket