پاکستان سے یاتریوں کی خصوصی پرواز بھارت نہیں جاسکے گی

Kiran Hameed

کرن حمید، لاہور

28 جنوری           2022 

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہونے کی امید دم توڑ گئی۔ بھارت نے پاکستان سے یاتریوں کی خصوصی پرواز کو ملک میں اترنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کی یاتریوں سے بھری پرواز کو بھارت میں اترنے کی اجازت نہیں دی۔ پروگرام کے مطابق پرواز نے ہفتہ 29 جنوری کو کراچی سے لاہور اور لاہور سے جے پور روانہ ہونا تھا۔ اس پرواز کا انتظام حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کیا تھا۔ کہا جا رہا تھا کہ پاکستان بھی ہندوستان سے یاتریوں کی پرواز کو اجازت دینے پر غور کر رہا ہے لیکن بھارت کے اس فیصلے نے پاکستان کے لیے ایسا فیصلہ کرنا مشکل بنا دیا ہے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے آخری وقت پر 170 پاکستانی یاتریوں کو ویزے جاری کرنے سے بھی معذرت کر لی ہے۔ رمیش کمار کا کہنا ہے کہ ہائی کمیشن نے انہیں کورونا کی صورتحال کے باعث دورہ چند روز تک ملتوی کرنے کا کہا ہے اور کسی یاتری کو ویزہ جاری نہیں کیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سن 2019 سے فضائی رابطے منقطع ہیں۔ گزشتہ ماہ بھی بھارت نے پی آئی اے کی پرواز کو نئی دہلی ائیر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ بھارت کے ایسے فیصلوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کی فضا میں فوری بہتری کی امید ختم ہو گئی ہے۔

Shopping Basket